انٹرویو: احمد نثار

Translate this post
Ahmed Nisar-3.jpg
احمد نثار. :تصویر Victor Grigas, CC BY-SA 3.0.

میرا ماننا ہے کہ ہندی اردو کے بغیر نا مکمل ہے اور اردو ہندی کے بغیر نامکمل ہے۔ اگر آپ ہندی ویکیپیڈیا کو ترقی دینا چاہتے ہیں تو آپ کو لازمی اردو ویکیپیڈیا کو ترقی دینی پڑے گی اور اس کے برعکس بھی۔

ابھی تک میں نے جتنے بھی ویکیپیڈینز کے انٹرویو کیے ہیں، ان میں میری خوش قسمتی ہے کہ احمد نثار سید سے پچھلے سال تین اہم موقعوں پر میری ملاقات ہوئی۔ ڈبیلو ایم ایف انڈیا کمیونٹی مشاورت جو بنگلور میں اکتوبر 2014ء میں منعقد ہوئی، ہندی ویکی سملین جو فروری 2015ء میں دہلی میں ہوئی اور ابھی حال ہی میں میکسیکو میں ویکیمینیا 2015ء کے دوران بھی ملاقات ہوئی۔ یہ تو اُن کی ویکیپیڈیا سے ہٹ کر تقریبات اور ملاقاتوں میں سب سے آگے رہنے کے حوالے سے چند جھلکیاں ہیں، اس کے ساتھ ساتھ وہ چار زبانوں، اردو، تیلگو، ہندی اور انگریزی ویکیپیڈیاؤں اور دوسری ویکی سائٹس کے ہمہ گیر مضمون نگار بھی ہیں۔ زیادہ تر ویکیپیڈیاؤں کو تو وہ Ahmed Nisar کے نام سے ایڈٹ کرتے ہیں مگر اردو ویکیپیڈیا پر اُن کا صارف نام Ahmadnisar ہے۔ جسے وہ استعمال نہیں کررہے ہیں۔

اگرچہ اب اُن کا تعلق، پونے، بھارت سے ہے مگر احمد نثار آندھرا پردیش کے ضلع چتور میں واقع شہر مدن پالی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے تقریباً 23 سال تعلیم کے میدان میں کام کیا۔ اسی دوران اُن کی کثیر لسانیت نے انہیں فلسفہ میں ماسٹرز کرنے میں مدد دی۔ اُن کے مقالے کا موضوع ”ہندی فلموں پر اردو کے اثرات“ تھا۔ نثار 2006ء میں وظیفہ یاب ہوگئے اور 2007ء سے متعدد موضوعات، جیسے مذہب، فلسفہ، جغرافیہ، سیاست، زبانین اور سائنس کے حوالوں سے ویکیپیڈیا پر کام کر رہے ہیں۔

احمد نثار نے بتایا کہ ویکیپیڈیا پر کام کرنے کے ابتدائی دور میں اردو ویکیپیڈیا پر بھارت سے صرف دو متحرک صارفین ہوتے تھے، ایک وہ خود اور دوسرے سمرقندی۔ آج وہ دیکھتے ہیں کہ اردو ویکیپیڈیا پر بھارت کے متحرک صارفین کی تعداد کم از کم 14 ہے، ان میں محمد شعیب اور ریحان کوثر اور پاکستان سے طاہر محمود شامل ہیں۔ نثار نے بتایا کہ تیلگو ویکیپیڈیا پر دیگر متحرک صارفین کے ساتھ ساتھ ویجا ستیا، سجاتا، ونکاتارارامانا، ارجونا راؤ، سلطان قادر بہت ہی شاندار اور اعلیٰ درجے کا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے منوج کھرانا اور میرے باہمی اشتراک سے ہندی ویکیپیڈیا پر کام کرنے کے متعلق بھی بتایا۔ اُن کا زور اس بات پر تھا کہ باہمی سمجھ میں آنے والی زبانوں کے باعث ہندی اور اردو ویکیپیڈیاؤں کے ایک ساتھ کام کرنے کے شاندار مواقع ہیں۔ اُن کے اپنے الفاظ میں کہ ”اگر آپ ہندی ویکیپیڈیا کو ترقی دینا چاہتے ہیں تو آپ کولازمی اردو ویکیپیڈیا کو ترقی دینی پڑے گی اور اس کے برعکس بھی۔“

احمد نثار نے 2014ء میں تیلگو ویکیپیڈیا پر خدمات کےلیے ”کوماراجو لکشمن راؤ ویکیمیڈیا پوراسکرام“(KLRWP ایوارڈ) بھی حاصل کیا۔ وہ اردو اور تیلگو زبانوں کی آؤٹ ریچ تقریبات کا بھی حصہ رہے۔اپنی لسانیاتی کوششوں کے باعث وہ فارسی رسم الخط کی ہندی ویکپیڈیاؤں جیسے اردو، کشمیری، سندھی، پنجابی (شاہ مکھی رسم الخط) کے ساتھ ساتھ دکھنی اردو ویکیپیڈیا، جو جلد ہی شروع ہوگا، کو پروموٹ کرنے کے لیے مربوط پروگرام شروع کرنے کے حامی ہیں۔

درس و تدریس سے وابستہ ہونے کے باعث نثار کی اُن لائبریریوں پرنظر ہے جہاں کلاسیکی اردو ادب موجود ہے۔ وہ اس حوالے سے متعدد ذمہ دار افراد سے گفتگو کر چکے ہیں اور آئی ای جی یا دیگر ذرائع کے تعاون سے ان کتابوں کو ڈیجیٹلائز کرنا چاہتے ہیں۔احمد نثار بطور ٹیم جس میں وہ، محمد شعیب اور میں خود شامل ہوں، بھارت کے مختلف مقامات پر اردو ویکیپیڈیا ورکشاپ منعقد کرنے کے مواقعوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔

الوداع کرتے ہوئے نثار نے بھارتیوں کو مقامی زبانوں پر انگریزی کو زیادہ ترجیح دینے کے حوالے سے بھی خبردار کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آندھرا پردیش کی بڑی تیلگو آبادی کی مثال دی جو انگلش میڈیم استعمال کرتے ہیں۔ اسی طرح انہوں نے اردو کی موجودہ حالت کے حوالے سے بھی افسوس کا اظہار کیا جہاں اردو زبان کے ماہرین موجودہ حالات اور گرائمر سے ناواقف ہیں، تاہم امید ظاہر کی کہ ویکیپیڈینز کے مقامی زبان میں کام کرنے سے اُن کا ورثہ مستقبل کے لیے محفوظ ہو گا اور ویکیپیڈیا روایتی ثقافت کے علم اور جدیدیت کے درمیان رابطے کا کام کرے گا۔

سید مزمل الدین، ویکیمیڈین

اردو ترجمہ
امین اکبر، اردو ویکیپیڈین

اردو ترجمہ پر نظرثانی
محمد شعیب، اردو ویکیپیڈین

 

Archive notice: This is an archived post from blog.wikimedia.org, which operated under different editorial and content guidelines than Diff.

Can you help us translate this article?

In order for this article to reach as many people as possible we would like your help. Can you translate this article to get the message out?